عوامی مقامات پر لباس سے متعلق پابندی کی تجویز، فلک شبیر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

پاکستان کے معروف گلوکار فلک شبیر ایک حالیہ سوشل میڈیا بیان کے بعد صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں ان کے مؤقف پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔
فلک شبیر نے پنجاب حکومت کی جانب سے ویپ پوڈز کے خلاف کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں کے مفاد میں اہم قدم قرار دیا، تاہم انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے عوامی مقامات پر لباس کے حوالے سے بھی پالیسی مرتب کرنے کی درخواست کی۔
اپنی پوسٹ میں گلوکار کا کہنا تھا کہ دو بیٹیوں کے والد ہونے کے ناطے وہ چاہتے ہیں کہ بازاروں، شاپنگ مراکز اور دیگر عوامی مقامات پر لباس کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر غور کیا جائے۔
انہوں نے تجویز دی کہ عوامی مقامات پر مختصر لباس پہننے کے حوالے سے مناسب قواعد و ضوابط متعارف کرائے جائیں تاکہ معاشرتی اور ثقافتی اقدار کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
فلک شبیر کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا، جہاں بعض افراد نے ان کی رائے کی حمایت کی جبکہ متعدد صارفین نے اسے ذاتی آزادی سے متعلق معاملہ قرار دیتے ہوئے تنقید بھی کی۔
اداکارہ سارہ خان نے بھی اپنے شوہر فلک شبیر کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے بعد یہ موضوع مزید زیر بحث آ گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں