ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، کراچی میں نرخ سب سے زیادہ

کراچی: ملک بھر میں آٹے کے بحران کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2800 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے، جہاں 20 کلو تھیلا 2800 روپے میں دستیاب ہے، جس نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور میں یہی تھیلا 2750 روپے، اسلام آباد میں 2733 روپے اور راولپنڈی میں 2707 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ کوئٹہ اور بنوں میں بھی آٹے کی قیمتیں 2700 روپے تک پہنچ چکی ہیں۔
دیگر شہروں میں حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2600 روپے، خضدار اور لاڑکانہ میں 2400 روپے، فیصل آباد میں 2350 روپے جبکہ گوجرانوالہ میں 2333 روپے میں دستیاب ہے۔
اسی طرح ملتان اور لاہور میں بھی آٹے کے نرخوں میں اضافہ جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملتان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2267 روپے جبکہ لاہور میں 2250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس سے عام صارف پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
ماہرینِ معیشت کے مطابق گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونا قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ ان کے مطابق صورتحال پر فوری قابو پانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں