لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی سیاسی جماعت نے کوئی قابلِ ذکر ترقیاتی کام نہیں کیا۔
گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خطے میں اس وقت “شیر، شیر” کے نعرے گونج رہے ہیں، جو عوامی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام ہمیشہ اس کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں جبکہ مخالف جماعتیں صرف تنقید اور الزام تراشی کی سیاست کرتی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد صرف مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں رکھی گئی، جبکہ دیگر جماعتوں کا کردار نہ ہونے کے برابر رہا ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاسی بیانیہ مسلسل کمزور ثابت ہو رہا ہے اور وہ کارکردگی کے بجائے پروپیگنڈے پر انحصار کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جن جماعتوں کے پاس مکمل امیدوار بھی موجود نہیں، وہ قبل از وقت دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہیں، جو سیاسی طور پر غیر سنجیدہ رویہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کرنے پر یقین رکھتی ہے اور گلگت بلتستان کو ترقی یافتہ اور خوبصورت خطہ بنانے کا عزم رکھتی ہے۔







