پیٹرول کی قیمت تین سال کے لیے منجمد کی جائے، حافظ نعیم الرحمٰن کا مطالبہ

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے اور پیٹرول کی قیمت کو آئندہ تین سال کے لیے منجمد کیا جائے، بصورت دیگر عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ہفتے نئی مالیاتی پالیسیوں اور قیمتوں میں تبدیلیوں کا اعلان کر دیتی ہے، لیکن اپنے اخراجات اور شاہ خرچیوں میں کمی کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے، اس لیے اس پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدن والے افراد کو مکمل ٹیکس استثنا دیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ہر طبقے کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنی کمزور معاشی پالیسیوں اور بدانتظامی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے جبکہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں شہریوں سے بھاری رقم وصول کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مقامی حکومتوں کے نظام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔ ان کے مطابق عوامی مسائل کا حل مضبوط اور بااختیار بلدیاتی نظام میں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے تعلیمی اور صحت کے شعبوں کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس پروگرام کے باوجود غربت میں اضافہ ہوا ہے اور بعض علاقوں میں اس کے نفاذ کے دوران بدعنوانی کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صومالیہ میں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کی محفوظ رہائی کے لیے فوری اور مؤثر کوششیں کی جائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں