کراچی: منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف شواہد کی فرانزک جانچ کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں منشیات سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ملزمہ سے متعلق حاصل شدہ ڈیجیٹل شواہد کو فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوایا جائے۔
پولیس کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزمہ سے متعلق مختلف ڈیجیٹل شواہد حاصل کیے گئے ہیں جن میں وائس ریکارڈنگ، وائس میسجز اور کال ریکارڈنگ شامل ہیں۔
درخواست کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ نے ان آڈیو اور میسجز کو اپنا تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریکارڈ شدہ آواز اس سے مطابقت نہیں رکھتی، اس لیے ان شواہد کی فرانزک تصدیق ضروری ہے۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تمام ڈیجیٹل مواد کو پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوانے کا حکم دیا جائے تاکہ سائنسی بنیادوں پر یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا یہ آواز اور ریکارڈنگ واقعی ملزمہ سے تعلق رکھتی ہیں یا نہیں۔
حکام کے مطابق فرانزک رپورٹ کیس کی تفتیش میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس سے شواہد کی حتمی تصدیق ممکن ہو سکے گی۔







