ایف آئی اے کا ملک بھر میں ایف اے ٹی ایف ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ متعلقہ اہداف پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز اور زونل ڈائریکٹرز کو اس حوالے سے باضابطہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
نئے قائم کیے جانے والے ڈیسک کے ذریعے پاکستان سے متعلق ایف اے ٹی ایف کے چھ مختلف ایکشن پوائنٹس کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی، جنہیں رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ہونے والی ممکنہ باہمی جائزہ رپورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق تمام ونگز اور زونز کو ایف اے ٹی ایف سے متعلق اہداف پر مکمل اور بروقت عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ہر زون میں نامزد فوکل پرسنز کو سات روز کے اندر احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے کو ارسال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نئے ڈیسک کے لیے سات ٹی او آرز پر مشتمل پروفارما بھی احکامات کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام متعلقہ اداروں کو مقررہ اہداف پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
حکام کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے تقاضوں پر عملدرآمد کے لیے ایف آئی اے کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ پاکستان کی عالمی سطح پر کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں