فیفا ورلڈ کپ 2026 کے قریب آتے ہی دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین کی توجہ ایک بار پھر اس مشہور اور قیمتی ٹرافی کی جانب مرکوز ہو گئی ہے، جسے جیتنا ہر کھلاڑی کا سب سے بڑا خواب سمجھا جاتا ہے۔
ارجنٹینا اپنی ٹائٹل ڈیفنس کے لیے میدان میں اترنے کی تیاری کر رہا ہے جبکہ فرانس، اسپین، انگلینڈ اور پرتگال جیسے مضبوط ممالک بھی ٹائٹل کے اہم امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔
اسی دوران شائقین کے درمیان یہ سوال بھی زیر بحث ہے کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی اصل مالی قیمت کتنی ہے۔
موجودہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی اونچائی تقریباً 37 سینٹی میٹر اور وزن 6 کلوگرام کے قریب ہے۔ یہ ٹرافی 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے جبکہ اس کے نچلے حصے میں سبز قیمتی پتھر ملاکائٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق صرف اس میں استعمال ہونے والے مواد کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ تاہم اس ٹرافی کی اصل اہمیت اس کی تاریخی اور علامتی حیثیت کے باعث کہیں زیادہ ہے۔
اندازوں کے مطابق اگر کبھی اس ٹرافی کو نیلام کیا جائے تو اس کی قیمت 2 کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے، جو پاکستانی روپے میں اربوں روپے کے برابر بنتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ٹرافی مکمل طور پر ٹھوس سونے سے تیار نہیں کی گئی بلکہ اندر سے کھوکھلی ہے تاکہ اسے آسانی سے اٹھایا جا سکے۔
واضح رہے کہ فیفا اپنے پاس ہمیشہ اصل ٹرافی محفوظ رکھتا ہے جبکہ فاتح ٹیم کو اس کی ایک نقل بطور یادگار دی جاتی ہے۔







