وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے 22 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا جبکہ دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 10 سالہ بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ بزدل دہشت گردوں کا اپنے بچاؤ کے لیے بے گناہ بچے کو شہید کرنا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔
وزیرِاعظم کے مطابق پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف عزم غیر متزلزل ہے۔
دوسری جانب وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے 22 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ محسن نقوی نے شہید ہونے والے 10 سالہ بچے کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔







