ایران غزہ مذاکرات میں حماس کے ساتھ کھڑا رہے گا، صدر پزشکیان کا اعلان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ تہران غزہ سے متعلق جاری مذاکرات میں حماس کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور فلسطینی قیادت کے فیصلوں کی پشت پناہی کرے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر پزشکیان نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ ایران مذاکراتی عمل میں فلسطینی قیادت کی جانب سے کیے جانے والے ہر فیصلے اور اقدام کی حمایت کرے گا۔
دریں اثنا، ایرانی صدر نے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس وقت ملک کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے براہِ راست رابطہ یا ملاقات کرنا انتہائی مشکل ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ہفتے یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ مصر، قطر اور ترکیے کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد حماس نے بعض شرائط کے تحت ہتھیار ڈالنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ جب تک حماس مکمل طور پر غیر مسلح نہیں ہوتی، غزہ سے فوجی انخلا ممکن نہیں۔ دوسری جانب حماس نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی افواج کی واپسی سے قبل ہتھیار ڈالنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ وہ غزہ سے متعلق صدر ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے سے اتفاق نہیں کرتے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں