شہباز شریف کا اعلان: چھوٹے و درمیانے کاروبار کو آسان قرضے فراہم کرنے کے اقدامات جلد مکمل ہوں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کی ترقی سے برآمدات میں اضافہ کرنے کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی زیر صدارت سمیڈا (SMEDA) کے بزنس پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ تین سال کے لیے ایس ایم ایز کے فروغ کا جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے مؤثر اور قابل عمل منصوبہ بندی کرنے پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے فروغ سے ملکی برآمدات کو بڑھانے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بینک اور دیگر مالیاتی ادارے ایس ایم ایز کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے اقدامات کو تیز کریں۔ اس موقع پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو درپیش چیلنجز، ان کے حل کے لیے لائحہ عمل، ایس ایم ایز کو برآمدات میں شامل کرنے کے لیے حکمت عملی اور بزنس پلان کے دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ملک کے ایس ایم ایز سیکٹر کو عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیادوں پر متعارف کرانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ جاری تعاون اور اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ملکی ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے کے لیے حال ہی میں 6 شہروں میں متعدد ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا ہے اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کے لیے تربیتی پروگرامز بھی جاری ہیں۔
اس کے علاوہ اجلاس میں خواتین کو ایس ایم ایز سیکٹر میں بھرپور شرکت اور کردار ادا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، سمیڈا کے نو منتخب بورڈ ارکان اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں