کچہ: ڈاکوؤں پر ڈرون حملے، متعدد ہلاک، عرب شہزادے شہزادوں کی آمد پر آپریشن عارضی بند

جام پور (تحصیل رپورٹر) روجھان کے کچہ علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا۔ راجن پور پولیس نے عمرانی کچہ، چانڈیہ کچہ، کراچی کچہ اور چک بیلے شاہ سمیت تمام حساس علاقوں میں پولیس پکٹس قائم کر دی ہیںجہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز عطا اللہ پٹ کے ٹھکانوں کو ڈرون حملوں کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کیا گیا۔ آپریشن کے دوران اندھڑ گینگ، بنگیانی گینگ، سکھانی گینگ، عمرانی گینگ اور دشتی گینگ کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کے بنکرز، گھروں اور کمیں گاہوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔آپریشن میں ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں گل حسن لولائی، لالا سکھانی، شیرو، چھلو باکرانی اور دودا دشتی شامل ہیں جو مختلف سنگین وارداتوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادتوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران درجنوں مغویوں کو بھی بازیاب کروایا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا جن میں اینٹی ایئر کرافٹ گن، راکٹ لانچر، جی تھری اور کلاشنکوف شامل ہیں۔پولیس کے مطابق یو اے ای کے شہزادوں کی ممکنہ آمد کے باعث آپریشن کو غیر معینہ مدت کے لیے عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حالیہ آپریشن ڈاکوؤں کے خلاف تاریخی کامیابی ثابت ہوا جس نے کچہ میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے گروہوں کی کمر توڑ دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں