پاکستان کے معروف لوک گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنی زندگی اور آخرت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی قبر پہلے ہی تیار کروا رکھی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کے دوران جب ان سے آخرت کی تیاری سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کی قبر ان کے آبائی علاقے عیسیٰ خیل میں پہلے سے تیار ہے۔
عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ ان کے خاندان کا قبرستان الگ موجود ہے، تاہم انہوں نے اپنی قبر خاندانی قبرستان سے کچھ فاصلے پر بنوائی ہے۔ ان کے مطابق اس مقام پر دو سے تین قبروں کی گنجائش موجود ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کے کئی قریبی دوست اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، جبکہ والدین اور ایک بہن بھی انتقال کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی عارضی ہے اور ہر انسان نے ایک دن اس دنیا سے رخصت ہونا ہے۔







