پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کا کردار واضح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا کردار واضح طور پر نظر آتا ہے، جبکہ افغان عبوری حکومت دہشتگرد عناصر کو روکنے میں مؤثر ثابت نہیں ہو سکی۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا جبکہ آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی قیادت نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر وفاق کا ساتھ دیا، جبکہ صوبے کے عوام نے قیامِ پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے 90 ہزار سے زائد شہری اور سکیورٹی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے مستونگ میں سیشن جج کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد واضح ہیں، جبکہ افغانستان کی موجودہ حکومت دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیاں روکنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملک کو اس حوالے سے مسلسل آگاہ اور قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے دہشتگردی کا تقریباً خاتمہ ہو چکا تھا، لیکن ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت دوبارہ بدامنی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کیا جائے، جس میں چاروں صوبوں کی مشترکہ کوششیں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے حالیہ قومی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں