پہلا ٹیسٹ: پاکستان کا 7 اسپیشلسٹ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا امکان

ٹرینیڈاڈ: دورہ ویسٹ انڈیز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دینے کے لیے ابتدائی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ پہلے ٹیسٹ میں 7 اسپیشلسٹ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی پر غور کر رہی ہے تاکہ بیٹنگ لائن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق اذان اویس، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم اور محمد رضوان کی پلیئنگ الیون میں شمولیت تقریباً یقینی سمجھی جا رہی ہے، جبکہ سلمان علی آغا بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر پانچویں بولر کا کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر جمال اور محمد عباس کو بھی ابتدائی گیارہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان کے ٹیسٹ ڈیبیو کے امکانات روشن ہیں۔
فاسٹ بولنگ کے شعبے میں خرم شہزاد اور محمد علی میں سے کسی ایک کو پلیئنگ الیون میں جگہ ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے بولرز کو بیٹنگ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے، جبکہ حتمی ٹیم کا اعلان کرنے سے قبل تمام کھلاڑیوں کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹرینیڈاڈ میں پہلے ٹیسٹ کے لیے گھاس والی پچ تیار کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کیوریٹرز نے پچ پر ہری گھاس کے بجائے بھوری گھاس رکھی ہے، جس سے میچ کے دوران مختلف نوعیت کے حالات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں