وزیراعظم شہباز شریف کا کراچی کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان متوقع

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے شہر کے اہم مسائل کے حل کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج جاری کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا۔ یہ پیکیج 10 ارب سے 50 ارب روپے یا اس سے زائد کا ہوسکتا ہے، جس کا باضابطہ اعلان وہ اپنے آئندہ دورہ کراچی میں تفصیلی مشاورت کے بعد کریں گے۔
وفاقی حکام کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعظم سے کراچی کے بنیادی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور خصوصی ترقیاتی پیکیج کی ضرورت پر زور دیا۔ اس مطالبے کے جواب میں وزیراعظم نے گرین سگنل دے دیا ہے۔
ترقیاتی پیکیج کے تحت کراچی میں انفراسٹرکچر، پینے کے پانی، سیوریج، صحت، اور ماحولیاتی بہتری کے منصوبے شامل ہوں گے۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں ایک کوآرڈینیشن، ورکنگ اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم قیادت اور میں نے وزیراعظم سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے درخواست کی تھی، جس پر بات چیت جاری ہے اور جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں