برائن لارا کرکٹ اکیڈمی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑی ہر لحاظ سے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ قومی اسکواڈ نے گزشتہ دو ماہ کے دوران بھرپور محنت کی ہے اور آنے والی سیریز سمیت مستقبل کی بین الاقوامی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور تیاری کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی فٹنس، تکنیکی صلاحیتوں اور کھیل کے مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے، جس کے باعث ٹیم پراعتماد انداز میں میدان میں اترے گی۔
بابر اعظم نے دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کپتانی کی ذمہ داری ان کے لیے کسی دباؤ کا باعث نہیں، کیونکہ ماضی کے تجربات اس بار ٹیم کی بہتر رہنمائی میں مدد دیں گے۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ موجودہ اسکواڈ میں نوجوان اور سینئر کرکٹرز کا متوازن امتزاج موجود ہے، جو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پاکستان کی کامیابی کے امکانات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔







