میرپور،کراچی(قوم نیوز،سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا ، یہ میر پور ہے ، میر پور خاص نہیں ہے، نواز شریف نے کہا بلاول برخوردار بات کا بُرا نہ ماننا ، پارٹیوں میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر لڑائی اور مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔ کشمیر سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے، میرپور خوبصورت شہر ہے، آج حال جتنا اچھا ہونا چاہیے تھا اتنا نہیں، میرے جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، میں پوچھنا چاہتا ہوں میرے بعد آنے والوں نے کشمیر کیلئےکیاکیا؟۔نواز شریف نے کہا میں آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں پہلا گھر سمجھتا ہوں ، میں آج آزاد کشمیر کے لیے منشور بھی ساتھ لےکر آیا ہوں، پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہر منصوبے پر ن لیگ کی مہر نظر آئےگی، ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم دینی ہے، آزادکشمیر میں بھی کینسر اور دل کے امراض کے بے شمار اسپتال بننے چاہیے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم یہاں پر جدید ترین الیکٹرک بسیں آپ کے لیے لیکر آئی ہیں، مریم یہاں پر 10 موبائل اسپتال لیکر آرہی ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو کشمیر میں موٹرویز بنائیں گے، مری سے مظفر آباد تک ایکسپریس ویز بنائیں گے۔نواز شریف نے کہا آپ نے مسلم لیگ ن کو کامیاب کرایا تو کشمیر کے چپے چپے خود جاؤں گا، میرپورکےگھرگھر میں گیس کی سہولت ہوگی، شہباز شریف سے کہوں گا کہ میرپور میں بین الاقوامی ائیرپورٹ ہوناچاہیے۔قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےجلسے سے خطاب کرتےہوئےکہا کہ جتنی خطرناک سازشیں نوازشریف کیخلاف ہوئیں عوام کی سپورٹ نہ ہوتی تو ہمارا نام ختم ہوجانا تھا۔ مریم نواز کا کہنا تھاکہ جتنی گرمی میں آج میرپور میں لوگ جلسے میں آئے ہیں پورے کشمیر میں شیر کامیاب ہوگا، میرپور والوں کا جذبہ بتا رہا ہے آزادکشمیر میں شیر آچکا ہے،مظفر آباد میں بارش کے باوجود عوام ن لیگ کے جلسے میں موجود رہے، آج میں میرپور نہیں باپ دادا کے گھر آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرپور میں اچھے گھر بنے ہوئے ہیں لیکن افسوس سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی کے چراغ جلیں، نوازشریف نے گاڑی میں متعدد بار کہا کہ کتنا خوبصورت خطہ ہے، آپ کا جذبہ بتارہا ہے کہ کشمیر کےاصل وارث کشمیر آگئے ہیں، آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔مریم نواز کا کہنا تھاکہ کشمیر میں سب کچھ ہے ایک ہی کمی ہے کہ نوازشریف کی حکومت نہیں۔ابھی الیکشن نہیں ہوا اور میں دس الیکٹرک بسوں کا تحفہ میرپور لے کر آئی ہوں۔دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے میر پور جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ خیراتی مینڈیٹ والی جماعت ہے، اس کے منہ سے الیکشن اور ووٹوں کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، میاں نواز شریف صاحب یہ بتائیں کہ ووٹ کو عزت کب دینی ہے؟شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نواز شریف صاحب، سیاست ہوتی رہے گی، سندھ اور کشمیر کی سرزمین و عوام کو طنز و مزاح کا موضوع مت بنائیں، سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مگر کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں، سابق وزیر اعظم کا یہ رویہ نہ صرف غیر سنجیدہ بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ کے بیان نے لاکھوں پاکستانیوں، کشمیر اور سندھ کے عوام جذبات کو مجروح کیا ہے،کسی بھی شہر یا ضلع کا نام سیاسی تقریر میں مذاق یا تقابل کے انداز میں استعمال کرنا شعوری پسماندگی ہے، کشمیر پاکستان کی قومی جدوجہد کی علامت ہے ، سندھ کا ہر شہر بھی اتنا ہی محترم اور عزیز ہے۔







