لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بھارت میں طلبہ نے کسی باقاعدہ کال کے بغیر احتجاج کیا، جبکہ اگر پاکستان میں ایک کروڑ شہری پُرامن انداز میں گھروں سے نکل آئیں تو موجودہ نظام زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گا۔
لاہور میں پی ٹی آئی لاہور کے صدر میاں اکرم عثمان، اصغر گجر، حافظ ذیشان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 5 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید کے تین سال مکمل ہو جائیں گے، اور ملک میں بڑھتے ہوئے مسائل اس دن کی اہمیت کو مزید بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ نظام نے عام آدمی کی زندگی، خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تعلیمی نظام دنیا کے کمزور ترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ حکومتی سرپرستی میں لاکھوں ٹن گندم غائب کیے جانے کے دعوے بھی کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنا درست نہیں، اصل مسئلہ ذخیرہ اندوزی اور ناقص حکومتی انتظام ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کو سخت حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے، جبکہ ماضی میں دیگر سیاسی رہنماؤں کو جیل میں ملاقاتوں کی سہولت حاصل رہی۔ ان کے مطابق عمران خان نے کسی بھی خصوصی سہولت یا منتقلی کی پیشکش قبول نہیں کی کیونکہ وہ عوامی مؤقف پر قائم رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 5 اگست کو تحریک انصاف ملک بھر میں بھرپور انداز میں متحرک ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جیل جانا پڑا تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں اور پارٹی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 5 اگست کو گھروں سے نکل کر پُرامن انداز میں آزادی کے حق میں آواز بلند کریں۔
سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ 8 فروری کے بعد لاہور میں احتجاج کے دوران انہیں گاڑی سے اترتے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان کے بقول وہ اکیلے پولیس کا مقابلہ نہیں کر سکتے، اس لیے عوامی اور پُرامن جدوجہد ہی مسائل کا حل ہے۔







