کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر 7 اکتوبر کے بعد آئندہ مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر دیا جانے والا ریلیف پیکج کوئی احسان نہیں بلکہ دباؤ کے باعث یہ اقدام اٹھانا پڑا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں 40 لاکھ موٹر سائیکلز ہیں لیکن حکومتی ریلیف پیکج سب افراد کو نہیں مل رہا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے مسئلے کا مستقل حل صرف پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے، اس معاملے پر سب خاموش کیوں ہیں۔ امیر اور غریب کے لیے الگ الگ نظام بنانے کی کوشش قابل قبول نہیں، یہ سلسلہ مزید نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔
فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اور اس میں امریکا بھی سہولت کاری کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی پوری امت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ظالم کے ساتھ نہیں۔







