اسلام آباد: پاکستان کے سرکاری قرضوں میں گزشتہ 10 سال کے دوران 340 فیصد کا تاریخی اضافہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد مجموعی سرکاری قرضوں کا حجم 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جون 2016 سے جون 2026 تک سرکاری قرضوں میں 67 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ جون 2016 میں سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 19 ہزار 700 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 86 ہزار 700 ارب روپے ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک مجموعی سرکاری قرضوں میں 59 ہزار 400 ارب روپے مقامی جبکہ 27 ہزار 300 ارب روپے غیر ملکی قرضہ شامل ہے۔ اس کے مقابلے میں جون 2016 میں مقامی سرکاری قرضہ 13 ہزار 600 ارب جبکہ غیر ملکی قرضہ 6 ہزار 100 ارب روپے تھا۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2017 تک مجموعی سرکاری قرضہ 21 ہزار 400 ارب روپے تھا، جو جون 2018 میں بڑھ کر 24 ہزار 900 ارب روپے ہوگیا۔
اسی طرح جون 2019 میں سرکاری قرضوں کا حجم 32 ہزار 700 ارب روپے جبکہ جون 2020 تک 36 ہزار 400 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ جون 2021 میں مجموعی سرکاری قرضہ مزید بڑھ کر 39 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ گیا۔







