بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی نے پاکستان کے دورے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں ملنے والا استقبال اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گی۔
ایک بھارتی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران ہاشمی نے بتایا کہ وہ اپنی فلم ‘آوارہ پن’ کی ریلیز کے موقع پر ہدایتکار مہیش بھٹ کے ہمراہ لاہور آئے تھے، جہاں مداحوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اداکار کے مطابق پاکستان میں جس محبت، خلوص اور عزت کے ساتھ ان کا خیرمقدم کیا گیا، ویسا تجربہ انہیں کہیں اور نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی نے انہیں بے حد متاثر کیا۔
عمران ہاشمی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہندی فلموں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے اور وہاں بھارتی فلموں کو بھرپور پذیرائی حاصل رہی ہے۔
انہوں نے اپنی فلم ‘جنت’ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستانی مداحوں کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت تھا کہ ان کی فلمیں وہاں بے حد مقبول تھیں۔







