مولڈووا کے وزیراعظم الیگزینڈرو مونٹیانو نے اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد ملک کی سیاسی صورتحال میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نومبر 2025 سے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے الیگزینڈرو مونٹیانو نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اب اپنی ذاتی اقدار اور اصولوں کے مطابق ذمہ داریاں ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہے، اسی لیے انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگرچہ انہوں نے استعفے کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی، تاہم مبصرین کے مطابق سرکاری فضائی نیویگیشن کمپنی “مولڈاٹسا” میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور اعلیٰ تنخواہوں سے متعلق تنازع حکومت پر شدید عوامی اور سیاسی دباؤ کا باعث بنا، جسے استعفے کی ممکنہ وجوہات میں شامل کیا جا رہا ہے۔
مولڈووا کی صدر مایا ساندو نے الیگزینڈرو مونٹیانو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نئے وزیراعظم کی تقرری تک وہ عبوری طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع کیا جائے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم کا استعفیٰ صدر مایا ساندو اور ان کی یورپ نواز جماعت کے لیے ایک اہم سیاسی امتحان ثابت ہو سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مولڈووا یورپی یونین میں شمولیت کی کوششوں اور خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال سے گزر رہا ہے۔







