پی ٹی آئی کو آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ لینا چاہیے تھا، بائیکاٹ نقصان دہ ثابت ہوا: گورنر پنجاب

اسلام آباد: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آزاد کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے بجائے انتخابی عمل میں حصہ لینا چاہیے تھا، کیونکہ سیاسی جماعت کے لیے انتخابی میدان خالی چھوڑنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہوتا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید بے نظیر بھٹو کے دور سے لے کر آج تک ہر مشکل صورتحال کے باوجود جمہوری عمل کا حصہ بننے کو ترجیح دی ہے۔
آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اس لیے ایسے معاملات میں مذاکرات اور افہام و تفہیم ہی بہترین راستہ ہیں۔ انہوں نے ایکشن کمیٹی اور حکومت دونوں پر زور دیا کہ لچک اور مثبت رویہ اختیار کریں تاکہ مسائل خوش اسلوبی سے حل ہو سکیں۔
سردار تنویر الیاس سے متعلق سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ جب تک وہ پارٹی میں رہے، تعلقات خوشگوار رہے اور جماعت بھی انہیں اپنے ساتھ رکھنا چاہتی تھی، تاہم بعد میں معاملات آگے نہ بڑھ سکے۔
انہوں نے عوامی رابطے سے متعلق سوال پر کہا کہ آج جو لوگ عوام میں جانے سے گریز کی بات کرتے ہیں، ماضی میں اسی طرزِ عمل کی بنیاد بھی انہوں نے خود رکھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنے اعمال کا نتیجہ ضرور بھگتنا پڑتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں