دنیاپور(کرائم رپورٹر) ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں،بالخصوص دنیاپور میں پائپ لائن بچھانے کے کام پر مبینہ کرپشن اور ناقص تعمیراتی معیار کے الزامات سامنے آ گئے ہیں،جس پر شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق متعلقہ منصوبے میں معیاری پائپوں کے بجائے تھرڈ کلاس میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ تکنیکی اصولوں کے برعکس زمین میں بغیر مناسب بیڈ یا کنکریٹ سپورٹ کے پائپ لائن ڈالی جا رہی ہے۔شہریوں کا مؤقف ہے کہ اس طرزِ تعمیر سے نہ صرف سرکاری وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ مستقبل میں سنگین مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پائپ لائن بچھاتے وقت حفاظتی معیارات پر عمل نہ کیا جائے تو کسی بھی مقام پر لیکیج یا پائپ پھٹنے کی صورت میں سیوریج کا پانی اردگرد کے گھروں کی بنیادوں کو متاثر کر سکتا ہے،جس سے رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض سرکاری اہلکار اور ٹھیکیدار مبینہ طور پر کم معیار کے میٹریل کے استعمال کے ذریعے ذاتی مفادات حاصل کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں منصوبے کی پائیداری اور عوامی تحفظ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر لودھراں اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے منصوبے کا شفاف آڈٹ کرایا جائے،ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور معیاری تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔دوسری جانب ایس ڈی او ضلع کونسل ،ایم او ائی میونسپل کمیٹی دنیاپور ،ٹھیکیدار اور انجینئر سے موقف لینے کی کوشش کی گئی ،مگر ان کا موقف سامنے نہیں آیا۔







