تازہ ترین

ڈیرہ: نقد جرمانوں کا کھیل ختم، ’’قوم‘‘ میں خبر پر انچارج پیرافورس کی چھٹی

ڈیرہ غازی خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پیرا فورس کی مبینہ بے ضابطگیوں پر روزنامہ قوم میں شائع ہونے والی خبر کے بعد ضلعی انتظامیہ نے بڑا ایکشن لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان نے انکوائری کے بعد پیرا فورس ڈیرہ غازی خان کے انچارج قلب حسین کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ قوم میں شائع ہونے والی خبر میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پیرا فورس کی جانب سے شہریوں سے تجاوزات کے نام پر مبینہ طور پر نقد جرمانے وصول کیے جا رہے ہیں۔ خبر میں بتایا گیا کہ مختلف دکانداروں اور شہریوں سے ترازو، فٹ پاتھ اور دیگر معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے جاتے تھےجو سرکاری طریقہ کار کے برعکس نقد وصول کیے جاتے تھے۔ اس عمل پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی تھی اور شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا۔میڈیا میں خبر سامنے آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان نے فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیا اور مکمل انکوائری کا حکم دیا۔ انکوائری میں ابتدائی طور پر الزامات درست ثابت ہونے پر پیرا فورس کے انچارج قلب حسین کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کسی بھی سرکاری ادارے میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد پیرا فورس میں انتظامی تبدیلیاں متوقع ہیں اور جلد نئے انچارج کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ آئندہ پیرا فورس کی جانب سے عائد کیے جانے والے تمام جرمانے آن لائن سسٹم کے تحت وصول کیے جائیں گےتاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں