پی ایس ایل 11 میں نئی ٹیموں کی شمولیت؛ آمدنی 7.5 ارب روپے سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 11 کی مالی کارکردگی میں ریکارڈ اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لیگ کی مجموعی آمدنی اور منافع میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد لیگ کی مالی صورتحال میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔
اجلاس کی صدارت سینیٹر رانا محمود الحسن نے کی، جہاں حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پی ایس ایل 11 کا مجموعی منافع تقریباً 2 ارب روپے سے بڑھ کر 7.5 ارب روپے سے زائد ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق نئی فرنچائزز کی شمولیت کے باعث نشریاتی حقوق، اسپانسرشپ اور دیگر ذرائع آمدن میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پیش کیے گئے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق ٹورنامنٹ کے مجموعی اخراجات 2.64 ارب روپے سے زائد رہے جبکہ کل آمدن 10.19 ارب روپے سے تجاوز کر گئی، جس کے نتیجے میں ٹیکس سے قبل منافع 7.54 ارب روپے سے زائد رہا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ پچھلے ایڈیشنز کے مقابلے میں بھی پی ایس ایل کی آمدن میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ پی ایس ایل 2025 اور 2024 میں منافع نسبتاً کم تھا۔
پی سی بی حکام کے مطابق لیگ کی توسیع اور نئی ٹیموں کی شمولیت نے ایونٹ کو مالی طور پر مزید مضبوط اور پائیدار بنا دیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں