لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے اہم اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لیے 150 ملین روپے کی گرانٹ منظور کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت گرانٹ اِن ایڈ کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہاکی کے فروغ کے لیے مالی معاونت کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ہاکی کے احیاء کے لیے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر کے اسکولز اور کالجز میں ہاکی کے مقابلے کروائے جائیں گے۔
کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہاکی کٹس، پروٹیکٹو گیئر، یونیفارم، جوتے اور اسٹائپنڈ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ ٹریننگ کے لیے بین الاقوامی کوچز اور ماہر ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ہاکی اکیڈمیز کا نیٹ ورک پورے پنجاب میں قائم کیا جائے گا، جبکہ کھلاڑیوں کے لیے جدید ٹرف، فلڈ لائٹس اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
سابق اولمپینز کو گیسٹ مینٹرز کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کی ذمہ داری دینے پر بھی غور کیا گیا ہے، جبکہ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں بین الاقوامی معیار کے ہاکی اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔
اسکول سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا اور بہترین کھلاڑیوں کو بیرونِ ملک تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
خواتین ہاکی ٹیم کی بحالی اور گرلز کالجز میں خصوصی ہاکی لیگ کے آغاز کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مزید یہ کہ سالانہ “پنجاب ہاکی سپر لیگ” کے انعقاد، کارپوریٹ اسپانسرشپ، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فنانسنگ ماڈل تیار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اسے دوبارہ اپنے کھوئے ہوئے مقام پر لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اسی اجلاس میں کلچر اور میوزک کے فروغ کے لیے “پاکستان آئیڈل سیزن 2” کے لیے 70 ملین روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔







