تازہ ترین

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت: سیف سیٹیز منصوبے کی رفتار تیز، 31 جنوری تک پشاور منصوبہ مکمل

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت سیف سیٹیز منصوبے کی پیشرفت پر اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر کام کی رفتار بڑھانے اور مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے باقی ماندہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور ضم شدہ اضلاع میں سیف سیٹیز منصوبے کی توسیع کے لیے جلد ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سیف سیٹیز اتھارٹی کے قیام کے لیے تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
سہیل آفریدی نے ضم شدہ اضلاع میں سیف سیٹیز کے لیے 24 گھنٹے سولر انرجی کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 31 جنوری 2026 تک پشاور سیف سٹی منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ سیف سیٹیز منصوبے کے تحت ڈی آئی خان میں 88، بنوں میں 76 اور لکی مروت میں 47 مقامات پر کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، اور منصوبہ مقررہ تاریخ تک مکمل ہو جائے گا۔ کرک، ٹانک اور شمالی وزیرستان میں سیف سیٹیز منصوبے کے لیے پی سی ون تیار ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیف سیٹیز منصوبہ جرائم کی روک تھام اور عوامی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی نظام پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کو بھی نمایاں طور پر بڑھائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں