لاہور کی کینٹ کچہری نے ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار معطل اے ایس آئی عمران کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے تاکہ مزید تفتیش مکمل کی جا سکے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ارم یوسف کی عدالت میں تھانہ غازی آباد پولیس نے ملزم کو پیش کیا۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کے مختلف پہلوؤں اور مبینہ واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ ضروری ہے، تاہم عدالت نے 14 روز کی درخواست کے بجائے چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
یاد رہے کہ اس مقدمے کے بعد محکمہ پولیس نے غفلت اور کارروائی میں تاخیر پر ایس ایچ او غازی آباد سمیت تھانے کے تمام متعلقہ اہلکاروں کو معطل کر دیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق متاثرہ ذہنی معذور لڑکی کو مبینہ طور پر اے ایس آئی عمران موٹر سائیکل پر تھانے لے کر آیا، جہاں اس نے گیٹ پر موجود اہلکار کو بتایا کہ خاتون کو تفتیش کے لیے لایا گیا ہے۔ الزام ہے کہ بعد ازاں ملزم متاثرہ لڑکی کو انویسٹی گیشن روم میں لے گیا جہاں مبینہ طور پر زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم متاثرہ لڑکی کو واپس چھوڑ آیا، جبکہ دوسری جانب اہل خانہ اس کی گمشدگی کی اطلاع درج کرانے تھانے پہنچے تھے۔ اسی دوران انہیں اطلاع ملی کہ لڑکی گھر واپس آ چکی ہے۔ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔







