پرتگال کے شہر لزبن میں جاری آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی مقابلے میں امریکا کو 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
45 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے اس عالمی ایونٹ میں 30 ممالک سے 300 سے زیادہ ٹینس کھلاڑی شریک ہیں، جہاں پاکستان کی نمائندگی تجربہ کار اور بین الاقوامی سطح پر کامیاب کھلاڑی کر رہے ہیں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور اسٹار ٹینس پلیئر اعصام الحق قریشی نے پہلے سنگلز میچ میں امریکا کے ووجٹیک بریٹیک کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر قومی ٹیم کو برتری دلائی۔
دوسرے سنگلز مقابلے میں پاکستان کے عقیل خان نے جان چیسورتھ کے خلاف سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ دلچسپ میچ میں عقیل خان نے 6-2، 1-6 اور 6-4 سے فتح حاصل کر کے پاکستان کی مجموعی کامیابی یقینی بنا دی۔
ڈبلز مقابلے میں شہریار سلامت اور ہادی حسین نے ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود شاندار کم بیک کیا اور امریکی جوڑی جیون ویسٹ اور گیلرمو کوسن کو 1-6، 6-1 اور فیصلہ کن ٹائی بریک میں 10-6 سے شکست دے کر پاکستان کی 3-0 کی کامیابی مکمل کر دی۔
امریکا کے خلاف اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، جبکہ اب پاکستان راؤنڈ رابن مرحلے کے اگلے اہم میچ میں کینیڈا کا سامنا کرے گا۔ اس مقابلے کی فاتح ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔







