تازہ ترین

ملتان بار، پہلی بار خاتون صدر منتخب، پیپلز پارٹی کی بشریٰ نقوی نے میدان مار لیا

ملتان(وقائع نگار،کورٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں ملتان بار کی تاریخ میں پہلی بار خاتون امیدوار صدر منتخب ہو گئیں ، حامیوں کی جانب سے خاتون امیدوار کی کرسی کو فضا میں بلند کر کے بھرپور جشن منایا گیا ۔پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سیدہ بشریٰ نقوی نے بھاری ووٹوں سے میدان مار لیا ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی صدر کی نشست پر غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بشریٰ نقوی 1282 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائی جبکہ مدمقابل صدارتی امیدوار چوہدری محمد افضل جٹ 973 ووٹ حاصل کر کے ناکام رہے، اسی طرح نائب صدر کی نشست پر نعیم ارائیں 919 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائےجبکہ مدمقابل صادق انصاری نے 444 ، شیخ شعیب امجد نے 440 اور ارشد گجر نے 426 ووٹ حاصل کئے،جنرل سیکرٹری کی نشست پر ملک سعادت حسین 1170 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پر مدمقابل افضل شاہد سخت مقابلے کے باوجود 1110 ووٹ حاصل کر کے ناکام قرار پائے جبکہ مجلس عاملہ کی دس نشستوں پر اعجاز احمد انصاری،جاوید اقبال ملک، چوہدری محمد شان سہو، سید محمد ذوالفقار بخاری، سید ندیم الدین قریشی ہاشمی، عدیل احمد خالد ،محمد احسن بھٹی، محمد مدثر حسن، ملک منیر احمد اور میاں بشیر احمد مجلس عاملہ پر پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب قرار دئیے جا چکے ہیں۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ملتان کی تاریخ میں پہلی بار منتخب خاتون صدر سیدہ بشریٰ نقوی نے الیکشن میں کامیابی کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ بار سے کرپشن کا خاتمہ انکی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خواتین اور نوجوان وکلاء کے بہت سے مسائل ہیں جو حل کرنا ان کا عزم ہے۔نوجوانوں کے لیے سکالرشپ اور خواتین کے لیے بہترین ماحول کی دستیابی بھی یقینی بنائیں گی۔ وکلاء کا پارکنگ پلازہ ابھی چھوٹا ہے اسے مزید بڑھانا ہے جبکہ نئے جوڈیشل ٹاور کی تکمیل کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے رابطہ کیا جائے گا ۔وکلا اور کالے کوٹ کے تقدس کے لیے ہر مثبت قدم اٹھائیں گی ۔ بار اور بینچ کو ساتھ لے کر چلیں گی تاکہ عوام تک سستا انصاف فراہم ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بار کے کھوئے ہوئے وقار کو دوبارہ حاصل کیا جائے ۔ کالے کوٹ کی تقدس پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ڈسٹرکٹ بار اپنا موثر کردار ادا کرے گی ۔ بزرگ وکلا کے لئے پینشن کا انتظام کریں گئے ۔ نو منتخب جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ملتان ملک سعادت حسین نے کہا کہ خواتین وکلا کے مسائل بہت سے ہیں ۔ ان کے مسائل کو حل کرایا جائے گا ۔ کچہری کی توسیح ہو رہی ہے اس منصوبے پر کام کی سست روی کو تیز رفتاری میں تبدیل کرایا جائے گا ۔ ضلع کچہری میں سکیورٹی کے مسائل موجود ہیں سیکیورٹی مسائل پر قابو پایا جائے گا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں