لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کم آمدن والے خاندانوں کے لیے گھروں کی فراہمی کے ایک نئے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اڑھائی سے تین مرلہ سرکاری اراضی پر تقریباً 37 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر ممکن ہوگی۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کو پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عمران علی سلطان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کے 25 اضلاع میں 35 مختلف مقامات پر گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوگا، جن میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، لیہ، خانیوال اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے مطابق سرکاری اراضی پر اگلے تین ماہ کے دوران پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو اپنے گھروں کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید برآں، وزیر ہاؤسنگ نے بتایا کہ پانچ سالہ مدت کے اندر “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت پانچ لاکھ سے زائد خاندانوں کو اپنے گھروں کی فراہمی ممکن ہوگی۔ افورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کم سے کم اقساط کی رقم کا تعین کیا جائے گا تاکہ کم آمدن والے خاندان بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
یہ اقدام حکومت کی جانب سے رہائشی سہولیات کو عام کرنے اور کم آمدن والے خاندانوں کو محفوظ، معیاری اور اپنی زمین پر اپنے گھر دینے کے وژن کا حصہ ہے۔







