مرزا شہزاد اکبر پر برطانیہ میں حملہ، ناک اور جبڑا ٹوٹ گیا

سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی مرزا شہزاد اکبر پر برطانیہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ مرزا شہزاد اکبر اپریل 2022 سے خودساختہ جلاوطنی میں مقیم ہیں اور حملے کے وقت ان کے گھر پر موجود تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مرزا شہزاد اکبر نے اسپتال جا کر علاج کروایا اور پولیس سے رابطہ کیا۔ انہیں مختلف چوٹیں آئی ہیں اور ہڈیوں میں فریکچر بھی ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق، کیمبرج میں ان کے گھر پر صبح کے وقت حملہ کیا گیا اور حملہ آور نے ان کے چہرے پر بار بار مکے مارے جس کے نتیجے میں ناک اور جبڑا ٹوٹ گیا۔ مقامی پولیس نے تمام تفصیلات جمع کر لیں اور تفتیش جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جنید اکبر نے واقعے کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا اور کہا کہ اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے تشدد کا استعمال بزدلی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرزا شہزاد اکبر کو جلد مکمل صحت عطا فرمائے۔

پی ٹی آئی کے دیگر رہنما علی محمد خان نے بھی حملے کی سخت مذمت کی۔

واضح رہے کہ مرزا شہزاد اکبر کو نومبر 2023 میں بھی ہارٹفورڈشائر میں ان کے گھر پر حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جب ایک نقاب پوش شخص نے ان پر تیزاب پھینکا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں