داخلوں کی دوڑ، پرائیویٹ تعلیمی مافیا کی سرکاری اداروں کو بدنام کرنے کی ڈیجیٹل وار بے نقاب

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان بھر میں ایڈمیشن کے دن قریب آنے پر علاقائی پرائیویٹ اداروں بالخصوص نجی یونیورسٹیوں کے سیٹھ مالکان اور ان کی انتظامیہ نے سرکاری اداروں کے خلاف کمر کس لی ہے اور اپنے اپنے نجی تعلیمی اداروں میں ایڈمیشنز بڑھانے کی خاطر سرکاری اداروں کے خلاف پراپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔ اس مقصد کے لیے علاقائی ٹاؤٹوں کی خدمات بھی خریدی گئیں اور اس سلسلے میں پرائیویٹ اداروں کے مالکان نے سرکاری اداروں کے ایڈمیشنز اپنے نجی تعلیمی اداروں کی طرف راغب کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا ٹیموں کو بھی خریدنا شروع کر دیاہے۔ حال ہی میں ایڈمیشنز کے دنوں میں ہر سال ہونے والے پراپیگنڈوں کی طرح ایسا ہی ایک منظم پراپیگنڈا بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے بارے سامنے آیا کہ وہاں ایڈمیشن نہ ہونے کے برابر ہیں اور 4000 سیٹوں میں سے صرف اور صرف 300 ایڈمیشن ہوئے ہیں جبکہ حقیقت معلوم کرنے کے لئے جب روزنامہ قوم نے بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی ایڈمیشن ٹیم اور رجسٹرار سے رابطہ کیا تو ان کی جانب سے موصول ہونے والے اعداد و شمار جن کی روزنامہ قوم نے اپنےذرائع سے تصدیق بھی کی، کے مطابق تقریباً 8000 میں سے 4000 ایڈمیشنز مکمل کیے جا چکے ہیں۔پنجاب بھر کے مضبوط ترین ایجوکیشن مافیا کی سہولت کاری کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں نے جو پالیسی بنا رکھی ہے اس کے مطابق پرائیویٹ ادارے ایف اے، ایف ایس سی اور آئی سی ایس کے پارٹ فرسٹ کی بنیاد پر داخلے کر سکتے ہیں اور وہ ایسے داخلوں کو حتمی شکل بھی دے چکے ہیں جبکہ سرکاری ادارے پارٹ فرسٹ سمیت پارٹ سیکنڈ کے مکمل رزلٹ کے پابند ہیں۔ اسی لئے یہ پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ سرکاری اداروں میں ایڈمیشن نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ابھی چونکہ ایف اے، ایف ایس سی پارٹ سیکنڈ کے رزلٹ کا اعلان نہیں ہوا تو بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی انتظامیہ کی جانب سے اس ٹائم کو غنیمت جانتے ہوئے اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے مقابلے میں نہایت کم فیسوں کی بنیاد پر لائق اور غریب طلبا و طالبات کو جو کہ داخلوں کی معلومات سے محروم رہ گئے تھے اور کچھ سافٹ ویئر کے نقائص کی بابت کچھ خالی رہ جانے والی سیٹوں پر دوبارہ ایڈمیشنز کا اعلان کیا جا چکا ہے جس میں ایف ایس سی کا رزلٹ آنے تک تقریباً ایڈمیشنز کی مطلوبہ تعداد حاصل کر لی جائے گی۔ مزید 2000 سے زائد سیٹوں پر ایم فل، پی ایچ ڈی طلباء و طالبات کا اخبار اشتہار آنا ابھی باقی ہے۔ بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ایڈمیشن کے ایک خواہشمند نے جب ویٹرنری سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر فقیر محمد سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے ڈیپارٹمنٹ میں 100 کے قریب سیٹیں موجود تھیں جبکہ درخواستیں 1347 موصول ہوئیں اور اب ان کے ڈیپارٹمنٹ میں ایڈمیشن کے لیے کوئی سیٹ بھی موجود نہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے فیڈ انڈسٹری کی ضروریات اور طلبا و طالبات کی سہولت کے لیے ایک نیا پروگرام بی ایس پولٹری سائنسز متعارف کروایا ہے جس میں طلبا و طالبات اگر چاہیں تو ایڈمیشن لے سکتے ہیں۔ اسی طرح بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں مختلف نئے پروگرام بھی شروع کروائے جا چکے ہیں جن میں بی ایس آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور بی ایس ڈیٹا سائنسز شامل ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں