کینالز کا معاملہ، رانا ثناء اور شرجیل میمن میں ٹیلیفونک رابطہ، مذاکرات پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے متنازعہ کینالز کے مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
رانا ثناء اللہ نے گفتگو کے دوران بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی جانب سے واضح ہدایات ملی ہیں کہ سندھ کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔
مشیرِ وزیراعظم نے سندھ کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کینالز کے معاملے پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت اس معاملے پر متعدد بار اپنے مؤقف کو اجاگر کر چکی ہے، اور عوامی رائے بھی اس سے متفق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 1991 کے پانی کی تقسیم کے معاہدے کے تحت سندھ کے حصے کا پانی چاہتی ہے اور وفاق کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں