ملتان (کرائم سیل) اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو کے دفتر میں اس وقت خاموشی چھا گئی جب سناواں کے موضوع دایہ چوکا شرقی کی رہائشی محمد سلطان ولد مہر بخش نے اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا کہ اس کی نو کنال ایک مرلہ زمین کا ونڈا ڈالنے کے لیے فہیم کھوسہ عام پٹواری نے ڈیڑھ لاکھ روپیہ مانگا تھا اور اتنی بھاری رقم بطور رشوت دینے سے انکار پر غصے میں ا کر پولیس کے ہمراہ ہماری بستی میں آ کر سلطان احمد کے کزن سے پانچ لاکھ روپیہ رشوت لے کر اس کے نام ونڈا ڈال دیا۔ بتایا گیا ہے کہ فہیم کھوسہ نامی پٹواری علاقے کا کرپٹ ترین پٹواری ہے اور علاقے کے درجنوں لوگ اس کے قلم کے ڈنگ سے ڈسے ہوئے ہیں۔ سلطان احمد نے اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا کہ فہیم پٹواری نے جب ڈیڑھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تو تقریبا 10 افراد کی موجودگی میں اعلانیہ طور پر کہا کہ میں نے ڈیڑھ لاکھ روپیہ اپنی جیب میں نہیں ڈالنا بلکہ بہت سے ۔۔۔۔۔۔ ہیں جنہیں ہڈی ڈالنی پڑتی ہے اور جب سلطان احمد نے کہا کہ میں 10 سے 15 ہزار روپیہ دے سکتا ہوں فہیم کوسہ نے کہا کہ 25 ہزار روپیہ ماہوار تو میں اینٹی کرپشن مظفرگڑھ کو ۔۔۔۔۔ ڈالتا ہوں جس پر سلطان احمد نے کہا کہ وہ اینٹی کرپشن سے رجوع کر کے درخواست دے گا تو فہیم کھوسہ نے جواب دیا کہ اس سے کیا ہوگا زیادہ سے زیادہ ایم ڈی کرپشن والوں کا ریٹ دگنا ہو جائے گا کیونکہ ان کا بندہ ہر مہینے ا کر پیسے لے کر جاتا ہے، تم سے جو ہوتا ہے کر لو۔ یہ ساری بات سن کر اسسٹنٹ کمشنر طیش میں اگئے اور انہوں نے پٹواری فہیم کھوسہ کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ تم اپنے ہاتھوں سے جیل جانے کا انتظام کر رہے ہو اور اس کیس کو فیصلے میں پٹواری کی طرف سے کیے گئے ولدیت کے غلط اندراج کو فوری طور پر درست کرا دیا۔ سلطان احمد نے بتایا بتایا کہ پٹواری نے جان بوجھ کر ولدیت غلط لکھ دی اور پھر ولدیت کا نام درست کرنے سات ہزار روپیہ فی وارث مانگا اور اس طرح نو ورثا کا 63 ہزار روپیہ بنتا ہے جس میں سے 14 ہزار روپیہ سلطان احمد ، ظفر اور ظفر اقبال نے دے دیا جبکہ باقی درستگی اسسٹنٹ کمشنر نے نہ صرف ایک پیسہ بھی خرچ کیے بغیر کر دی بلکہ پٹواری کو حکم دیا کہ ان کا 14 ہزار بھی واپس کیا جائے جو وعدے کے باوجود پٹواری نے واپس نہ کیا۔ سلطان احمد اور اس کے بھائیوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو اپیل دائر کر دی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور بہت ہی اچھی شہرت کے حامل ہیں، کو بھی درخواست دائر کر دی ہے۔







