خانیوال (خبر نگار) تھانہ کہنہ اور تھانہ سٹی خانیوال کی حدود سے متعلق طالب علم کے مبینہ اغوا، تشدد اور حبسِ بے جا کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ اہلخانہ کے مطابق طالب علم رانا احمد اجمل کو پیپلز کالونی ریلوے گراؤنڈ سے مبینہ طور پر زبردستی اٹھا کر چک نمبر 88/10-R میں ایک مقام پر لے جایا گیا، جہاں اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور حبسِ بے جا میں رکھا گیا۔متاثرہ خاندان کے مطابق مبینہ طور پر طالب علم کا موبائل فون توڑ دیا گیا جبکہ ایک اور موبائل فون بھی چھین لیا گیا۔ واقعے کے بعد طالب علم کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خانیوال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔واقعے کی اطلاع پر ڈی پی او خانیوال کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل چوہدری سعید سیال ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے اور متاثرہ طالب علم کی عیادت کے علاوہ اہلخانہ سے واقعے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ڈی ایس پی صدر سرکل چوہدری سعید سیال کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔متاثرہ طالب علم کے اہلخانہ نے ڈی پی او خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور میرٹ پر تحقیقات کروا کر ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ طالب علم کو انصاف فراہم کیا جائے۔







