ملتان (شاہد راجپوت)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں فرینڈز گروپ کارپوریٹ کلاس کے امیدوار شیخ عمران ارشد نے چیمبر کی اندرونی اصلاحات، کاروباری برادری کے تحفظ اور تاجروں کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیمبر کو شفاف، فعال اور کاروبار دوست ادارہ بنانا وقت کی ضرورت ہے، جہاں رکنیت کا حصول آسان ہو، آن لائن نظام مضبوط ہو اور کارپوریٹ کلاس کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر صرف مراسلے لکھنے اور مطالبات بھیجنے والا ادارہ نہیں بلکہ صنعت و تجارت کے مسائل کے حل، پالیسی سازی اور شہر کی معاشی ترقی کا عملی پلیٹ فارم ہونا چاہیے۔ کارپوریٹ سیکٹر بڑی سرمایہ کاری، روزگار اور برآمدات سے جڑا ہے، اس لیے اس کی مضبوط نمائندگی سے ٹیکس، بجلی و گیس، صنعتی ترقی اور برآمدی چیلنجز پر مؤثر آواز اٹھائی جا سکے گی۔کامیابی کی صورت میں تاجر برادری کی فلاح کے لیے “تاجر فلاح فاؤنڈ” قائم کرنے کا ارادہ اولین ترجیح ہوگا، جس کے تحت تاجروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے طبی امداد، ہیلتھ اسکریننگ، میڈیکل کیمپ اور ہسپتالوں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے گا۔ نشتر ہسپتال کے گائنی وارڈ کی طرح شہر کے دیگر فلاحی اداروں کو مستقل معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تاجروں کے بچوں کے لیے تعلیمی اسکالرشپ، قانونی و ٹیکس معاونت ڈیسک اور تنازعات کے حل کے لیے کمیٹی بنائی جائے گی۔نوجوانوں اور خواتین تاجروں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو فنی تربیت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور انٹرنشپ کے مواقع دیے جائیں گے، جبکہ خواتین تاجروں کے لیے الگ ونگ قائم کی جائے گی تاکہ وہ کاروباری سرگرمیوں، نمائشوں اور تربیتی پروگراموں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔برآمدات کے فروغ کے لیے نئے اور موجودہ ایکسپورٹرز کے لیے باقاعدہ تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے، جن میں بین الاقوامی معیار، پیکیجنگ، مارکیٹنگ اور عالمی منڈی کے تقاضوں سے روشناس کرایا جائے گا۔ چیمبر کے پلیٹ فارم سے برآمدی ڈیٹا بینک اور مشترکہ نمائشوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔رکنیت کے عمل کو آسان اور آن لائن بنایا جائے گا، چیمبر کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے جوڑا جائے گا اور تاجر برادری کے مسائل پر مشترکہ آواز اٹھانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ان کا وژن چیمبر کو محض مطالبات کے ادارے سے نکال کر عملی اصلاحات، ہنرمندی، برآمدات اور سماجی خدمت کے پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا ہے۔ اگر یہ اقدامات عملی شکل اختیار کریں تو ملتان چیمبر نہ صرف تاجر برادری بلکہ پورے شہر کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔







