وزیراعلیٰ کی آج ملتان آمد، بیمار سڑکوں کو فرسٹ ایڈ، تجاوزات ختم، ٹریفک منظم

ملتان (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ملتان آمد سے قبل ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی، شہر میں سالہا سال سے قائم تجاوزات کے خاتمے، اہم شاہراہوں کی صفائی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیئے گئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف اہم مقامات اورمرکزی سڑکوں پر طویل عرصے سے قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں، جس کے بعد سڑکوں کے کنارے کھل گئے اور شہریوں کو آمدورفت میں نسبتاً آسانی میسر آئی ہے۔ذرائع کے مطابق- مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں فٹ پاتھوں، سڑکوں کے اطراف اور گزرگاہوں پر قائم تجاوزات شہریوں اور ٹریفک کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی تھیں، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو متحرک کرتے ہوئے ان تجاوزات کے خاتمے پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ کارروائی کے بعد متعددمقامات کی ظاہری صورتحال تبدیل ہوگئی- اور سڑکیں زیادہ کشادہ اور صاف دکھائی دینے لگی ہیں۔دوسری جانب شہر کی ان سڑکوں پر بھی فوری توجہ دی گئی جو طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے اور شکستہ حصے شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے تھے، جنہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عارضی مرمت کے ذریعے قابل استعمال بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سڑکوں کو ’’فرسٹ ایڈ‘‘ دیتے ہوئے گڑھوں کو پُر کیا گیا اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار حصوں کی فوری مرمت کی گئی، جس سے فی الحال ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی آمدورفت میں بہتری محسوس کی جارہی ہے۔ تاہم شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مستقل بہتری کے لیے ان سڑکوں کی پائیدار اور معیاری تعمیر و مرمت بھی ضروری ہے۔ اسی طرح شہر میں ٹریفک کے نظام کو منظم رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ اہم شاہراہوں چوکوں اور ٹریفک کے دباؤ والے مقامات پر ٹریفک وارڈنز کو مخصوص ڈیوٹی پوائنٹس پر تعینات کیا گیا ہے، جہاں وہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے غیرضروری رش کو کنٹرول کرنے اور گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق وارڈنز کی بروقت ڈیوٹی اور اہم مقامات پر موجودگی کے باعث ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد سے قبل انتظامیہ کی جانب سے شہر کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں کی فوری مرمت اور ٹریفک کی بہتری کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہ کارروائیاں صرف اہم شخصیات کی آمد تک محدود نہ رہیں بلکہ تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں کی دیکھ بھال اور ٹریفک نظم و ضبط کے لیے مستقل بنیادوں پر مؤثر نظام برقرار رکھا جائے تاکہ ملتان کے شہریوں کو روزمرہ بنیادوں پر بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں