وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر ایاز صادق کی ملاقات، قانونی و پارلیمانی معاملات پر اہم مشاورت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی، جس میں اہم قانونی اور پارلیمانی امور سمیت قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم کو اپوزیشن کے ساتھ جاری پسِ پردہ رابطوں سے متعلق آگاہ کیا، جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بھی وزیراعظم کے سامنے رکھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس بلانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور پسِ پردہ رابطوں سمیت موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پیدا ہونے والی صورتحال پر مزید غور کے لیے صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اگر ایمرجنسی نافذ کی گئی تو پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کا ساتھ دے گی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی سے مشاورت طلب کی تو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے تجاویز پیش کی جائیں گی۔
نیئر بخاری کے مطابق تحریک تحفظ آئین کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کے لیے بلاول بھٹو کو بھی دعوت نامہ ارسال کر دیا گیا ہے، تاہم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ پیپلز پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں