ملتان چیمبر کو ہر تاجر اور صنعتکار کیلئے قابلِ رسائی بنانا مشن، سب کو رکنیت دیں گے: فرینڈز گروپ

ملتان (جنرل رپورٹر)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات 2026ء کے حوالے سے فرینڈز گروپ ملتان کی جانب سے شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا گیاجس میں شہر کے معروف صنعتکار، تاجر اور کاروباری شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانوں کی آمد کا سلسلہ دیر تک جاری رہا اور چیمبر کے مستقبل کے حوالے سے پرجوش خیالات کا تبادلہ ہوا۔عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے معروف صنعتکار فیصل مختار، چوہدری ذوالفقار انجم، شیخ فضل الٰہی، ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی، ندیم احمد شیخ اور شیخ فیصل سعید نے یکجا ہو کر کہا کہ فرینڈز گروپ کا بنیادی مشن چیمبر آف کامرس کو ہر تاجر، صنعتکار اور بزنس مین کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ نظام میں چیمبر کا پلیٹ فارم محدود حلقوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہےجبکہ ہمارا عزم ہے کہ چھوٹے سے بڑے ہر کاروباری شخص کو چیمبر کی رکنیت کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے مسائل کے حل اور کاروباری ترقی کے لیے باہمی مشاورت اور اجتماعی جدوجہد کرسکیں۔مقررین نے زور دے کر کہا کہ ہم کسی تاجر کو بڑا یا چھوٹا نہیں سمجھتے جو بھی شخص جائز کاروبار یا تجارت سے وابستہ ہے، اسے چیمبر کا رکن بننے کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ برسوں سے تاجروں اور صنعتکاروں کی ایک بڑی تعداد کو چیمبر کی قیادت اور فیصلہ سازی سے دور رکھا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ اقتدار کی نسل در نسل منتقلی کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات محض فرینڈز گروپ کی جیت نہیں ہوں گےبلکہ ہر اس تاجر، صنعتکار اور بزنس مین کی فتح ثابت ہوں گے جو گزشتہ ادوار میں نظرانداز کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر میں تمام ارکان کو یکساں عزت اور احترام ملنا چاہیے، اور رکنیت کے معاملات میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو فوقیت دی جائے۔ نئے ارکان کا انتخاب سلیکشن کے بجائے ووٹنگ کے ذریعے ہونا چاہیے تاکہ عوامی نمائندگی حقیقی معنی اختیار کرسکے۔ آنے والے عہدیداران کو چاہیے کہ وہ تمام ارکان اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں، اور چیمبر کو ایک بااختیار فورم بنائیں جہاں کاروباری مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے۔مقررین نے نوجوان نسل کی قیادت کو فروغ دینے پر خصوصی زور دیا اور کہا کہ چیمبر کو کاروباری تربیتی کلاسز، ورکشاپس اور مشاورتی سیشنز کا انعقاد کرنا چاہیے تاکہ نئے کاروباری افراد کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی معاشی ترقی ہمارا اولین مشن ہے اور چیمبر کسی فرد یا خاندان کی جاگیر نہیں، بلکہ یہ تمام صنعتکاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کی مشترکہ ادارہ ہے جسے جمہوری اصولوں کے تحت چلایا جانا چاہیے۔اس عشائیہ کے موقع پر فرینڈز گروپ آف ملتان کے امیدواروں کا تفصیلی تعارف بھی کروایا گیا۔ کارپوریٹ کلاس کے امیدواران میں خواجہ ریاض حسین صدیقی، حسین احمد فضل، محبوب الٰہی، محمد اسلم، شیخ عمران ارشد، محی الدین اورنگزیب عالمگیر، محمد اسلم بھٹہ، ندیم احمد شیخ، محمد بلال احمد شیخ، اور خواجہ محمد عمر شامل ہیں۔ جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدواران میں اظہر ممتاز ٹیپو، شیخ محمد طاہر، چوہدری طارق کریم، نواب عاطف اشفاق، حماد احمد میاں، حافظ عمیر سعید، مرزا شاہد حسین، عبدالوہاب، خواجہ احمد نبیل، حسن اقبال، حافظ طارق بشیر چوہدری، اور محمد شہزاد کریم شامل ہیں۔ مقررین نے تمام تاجروں اور صنعتکاروں سے اپیل کی کہ وہ ان امیدواروں کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر چیمبر میں مثبت تبدیلی لانے کا باعث بنیں۔عشائیہ میں شیخ سلمان نعیم، رانا اقبال سراج کے علاوہ ملتان کی تاجر برادری اور صنعتی حلقوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور فرینڈز گروپ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چیمبر میں جمہوری اقدار، شفافیت اور مساوی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کریں گے۔ اس موقع پر مہمانوں نے فرینڈز گروپ کے امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات ملتان کی کاروباری تاریخ کا سنگ میل ثابت ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں