انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے فاسٹ بولنگ کوچ ایشلے نوفکے نے کہا ہے کہ سیریز کے دوران کھلاڑیوں میں مسلسل تبدیلی حوصلہ افزا صورتحال نہیں، تاہم ٹیم کی پوری توجہ میدان میں بہتر کارکردگی پر مرکوز ہے۔
ایجبسٹن میں پریس کانفرنس کے دوران ایشلے نوفکے نے انکشاف کیا کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے رات 3 بج کر 15 منٹ پر پیغام موصول ہوا کہ انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے روانہ ہونا ہے۔
فاسٹ بولنگ کوچ کے مطابق ایجبسٹن کی پچ پر فی الحال گھاس موجود ہے، تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ میچ کے دوران بھی پچ کی یہی کیفیت برقرار رہے گی۔ انہوں نے ٹیم کمبی نیشن کے بارے میں بھی کہا کہ ٹاس سے پہلے حتمی صورتحال بتانا ممکن نہیں۔
پاکستان واپس بھیجے گئے کھلاڑیوں سے کرکٹ کے علاوہ دیگر معاملات میں تحقیقات سے متعلق سوال پر ایشلے نوفکے نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے کوئی مخصوص معلومات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بھی اس بارے میں پہلی بار صحافی سے ہی معلوم ہوا اور وہ امید کرتے ہیں کہ سوال میں بیان کی گئی صورتحال پیش نہیں آئے گی۔







