ڈیرہ غازیخان (کرائم سیل) سمگلرز مافیا کا قانون کیساتھ کھلواڑ جاری، سمگلر شریف کھوسہ کے بھائی امان اللہ کھوسہ کی شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ سے علاقہ میں خوف و ہراس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کرنے والی وائرل ویڈیو نے ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا، بی ایم پی افسران کی بے بسی سوالیہ نشان بن گئی سمگلرز مافیا طاقتور جبکہ لا اینڈ آرڈر قائم کرنے والے کمزور نظر آنے لگے ،روزنامہ قوم کی نشاندہی پر سماج دشمن عناصر کے خلاف مقدمہ درج ،بی ایم پی تھانہ لاکھا میں مقدمہ نمبر 11/26 درج۔حیران کن طور پر ویڈیو میں سرکاری اسلحہ کے ساتھ فائرنگ میں واضح شناخت ہونے والے ملزم نامعلوم قرار۔ بارڈر ملٹری پولیس تھانہ لاکھا کے علاقہ میں ملک دشمن سمگلرز بارے مزید انکشافات۔ بارڈر ملٹری پولیس تھانہ لاکھا کے علاقہ میں دو روز قبل شادی کی تقریب میں سرکاری اسلحہ کے ساتھ ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔روزنامہ قوم کی نشاندہی پر بی ایم پی تھانہ لاکھا نے مقدمہ تو درج کرلیا لیکن حیران کن طور پر فائرنگ کرتے ہوئے ملزمان کے چہرے ویڈیو میں واضح طور پر دکھائی دینے کے باوجود نہ معلوم وجوہات پر مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ اس شادی کی تقریب کے دعوت نامے پر بارڈر ملٹری پولیس کے ملازمین حاجی کرم خان سابق دفعدار،عبدالقادر محرر بی ایم پی ،نذیر سوار بی ایم پی،رحمت اللہ و افتخار ملازمین بلوچ لیوی اور میر خان ملازم بی ایم پی کے نام تحریر ہیں ۔امکانی طور پر انہیں ملازمین کو دیا گیا سرکاری اسلحہ شادی کی تقریب میں فائرنگ کےلیے استعمال کیا جارہا ہے ۔جس کےلیے ان ملازمین کو دی گئی سرکاری رائفلز بشمول جی تھری کی جانچ / فرانزک کرائے جانے کے بعد ملوث ملازمین کے خلاف اندراج مقدمہ و انضباطی کارروائی ضروری ہے تاکہ ملک میں جاری احتسابی مہم کو تقویت ملے ۔قوم کو موصولہ ویڈیو میں دو افراد جی تھری کے ساتھ اور فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور دونوں ہی ملازمین سرکار نہ ہیں ایسے میں انکے پاس سرکاری اسلحہ کی موجودگی کوہ سلیمان جیسے حساس علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔







