ملتان (قوم ریسرچ سیل )میپکوملتان کے سربراہ ایس ای ساجد حسین گوندل کا سیفٹی سیمینار وارننگ سیشن میں تبدیل، کرپشن ،ناقص کارکردگی اور سفارش کلچر کوسخت ناپسندیدہ قرار، سخت ایکشن کاانتباہ ،جزاوسزاکا عملی موثرسسٹم قائم کرنے کاعندیہ دے دیا۔تفصیل کے مطابق ایس ای میپکو ملتان سرکل ساجد حسین گوندل کاولایت آباد سب ڈویژن میں سیفٹی سیمینارسے خطاب افسران و ملازمین کے لیے باقاعدہ وارننگ سیشن میں تبدیل ہوگیا، ایس ای نے ڈیوٹی میں غفلت برتنے، ناقص کارکردگی دکھانے، سفارشیں کروانے اور حفاظتی اصولوں کو نظرانداز کرنے والے افسروں و ملازمین کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ میپکو میں کرپشن، سفارش اور ڈیوٹی سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اچھا کام کرنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل افسروں و ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تقرریاں وتعیناتیاں 100 فیصد میرٹ پرہوں گی۔سفارش کرانے کی بجائے کارکردگی بہتربنائیں۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ فیلڈ میں کام کرنے والے تمام اہلکار مکمل یونیفارم، سیفٹی شوز اور ضروری T&P کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں۔ ایس ای نے واضح کیا کہ پرائیویٹ افراد سے لائن پر کام کروانا رولزوقوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور کسی غیر متعلقہ شخص کو بجلی کی لائن پر چڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اس معاملے میں سختی سے نمٹا جائے اور سیفٹی قواعد کی خلاف ورزی کو کسی صورت نظرانداز نہ کیا جائے۔فیڈر ٹرپنگ پر ایس ای نےسخت مؤقف اختیارکرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے فیڈرز کی بار بار ٹرپنگ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے لائن سپرنٹنڈنٹس کو خبردار کیا کہ وہ اپنے فیڈرز پر خصوصی توجہ دیں، بار بار ٹرپنگ کی وجوہات کا تجزیہ کریں اور محنت کے ساتھ مسئلے کو ختم کریں بصورت دیگر ناقص کارکردگی پر محکمانہ کارروائی کے لیے تیار رہیں۔ اچھا کام کرنے والوں کو انعام، ناقص کارکردگی پر کارروائی ہوگی۔ایس ای ساجد حسین گوندل نے کہا کہ محکمہ محنت کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ اچھی ریکوری کرنے والے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و ملازمین کو انعامات اور شیلڈز دی جائیں گی، جبکہ ناقص کارکردگی، غفلت اور ذمہ داری پوری نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی شناخت سفارش یا تعلقات سے نہیں بلکہ اپنے کام سے بنائیں۔ کسی افسر یا ملازم کو یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ کسی بااثر شخص یا افسر کی سفارش کی وجہ سے اس سے بازپرس نہیں ہوگی۔ میپکو میں اب کارکردگی کو معیار بنائیں۔سیفٹی سیمینار سے ایکسین میپکو سٹی ڈویژن انجینئر غلام محی الدین، میتلا، ہائیڈرو یونین کے زونل چیئرمین رانا مظہر لطیف، ریجنل جوائنٹ سیکرٹری و ڈویژنل سیکرٹری ملک مجاہد اعوان، ڈویژنل چیئرمین الیاس سندھو، ایس ڈی او سٹی فیصل، ایس ڈی او ولایت آباد عاطف خان، ایس ڈی او پاک گیٹ عبدالباری وینس اور ایس ڈی او گارڈن ٹاؤن اختر رسول نے بھی خطاب کیا۔سیمینار میں ہائیڈرو یونین کے عہدیداران حافظ شاہد، چوہدری مختار اور دیگر رہنماؤں سمیت میپکو افسران، لائن سپرنٹنڈنٹس، فیلڈ اسٹاف اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔واضح رہے کہ ایس ای ساجد حسین گوندل ملتان کاچارج لینے کے بعد متعدد ملازمین کوسنگین بے ضابطگیوں پربرطرف ومعطل کرچکے ہیں۔







