ملتان چیمبر الیکشن، فرینڈز گروپ پُرعزم، لوگ تبدیلی چاہتے ہیں: ڈاکٹر شفیق خان پتافی

ملتان (شاہد راجپوت)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں فرینڈز آف ملتان کے کارپوریٹ کلاس کے امیدوار ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی نے اپنی الیکشن مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہم اب اپنے آخری اور اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔کارپوریٹ کلاس کی نمائندگی صرف بڑے کاروباروں تک محدود نہیں بلکہ پوری کاروباری برادری کے مشترکہ مفاد کی بات ہے، ایک مضبوط چیمبر ہی صنعتکاروں، تاجروں، برآمد کنندگان اور نوجوان کاروباریوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں حکومت تک پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران صنعتی یونٹس، کارپوریٹ دفاتر، مارکیٹوں اور کاروباری انجمنوں میں ملاقاتیں کی جا رہی ہیں اور ہر طبقے کے مسائل کو سنا جا رہا ہے۔ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی نے کہا کہ اس انتخابی مہم کا مرکزی نعرہ ’’مضبوط چیمبر، خوشحال تاجر‘‘ ہے۔ ان کے مطابق کاروباری برادری کو بجلی و گیس کی بڑھتی قیمتیں، ٹیکسوں کا بوجھ، ٹیکس ری فنڈز کی تاخیر، خام مال کی مہنگائی، درآمدی پابندیاں اور حکومتی اداروں کی کارروائیوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈز آف ملتان کا منشور انہی بنیادی مسائل کے حل، شفافیت، اجتماعی مشاورت اور چیمبر کے مؤثر کردار پر مرکوز ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ چیمبر کو صرف سفارشیں اور تقریریں کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ کاروباری برادری کے لیے عملی حل فراہم کرنے والا پلیٹ فارم بنانا چاہیے۔انہوں نے اپنی مہم کی حکمت عملی کے بارے میں بتایا کہ گروپ کے ساتھیوں کے ساتھ روزانہ بنیادوں پر مشاورت کی جا رہی ہے، کارپوریٹ ممبران سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں ہو رہی ہیںجبکہ سوشل میڈیا، پمفلٹ اور کارنر میٹنگز کے ذریعے پیغام عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزا ہے اور لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس شخصی تشہیر کے بجائے ادارہ سازی، ٹیم ورک اور کارکردگی پر ہےکیونکہ چیمبر کی اصل طاقت اجتماعی قیادت میں ہے۔فرینڈز آف ملتان کے وژن کے حوالے سے ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی نے کہا کہ ہم چیمبر کو ڈیجیٹل بنانے، نوجوانوں اور خواتین کاروباریوں کو شامل کرنے، ملتان ڈرائی پورٹ اور ایئرپورٹ کارگو کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے، نئے صنعتی زونز کے قیام، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ چیمبر حکومت سے مؤثر رابطہ رکھے اور کاروباری برادری کے تحفظات کو بروقت پہنچائے۔انتخابی پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ ضائع نہ کرے اور تجربہ کار، متحرک اور کاروباری مسائل کو سمجھنے والی ٹیم کو منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی، فرینڈز آف ملتان کے ساتھیوں کے ہمراہ کاروباری برادری کے اعتماد کا اہل ثابت ہونے کی پوری کوشش کروں گا۔ آخر میں انہوں نے دعا دی کہ آنے والے انتخابات پرامن اور شفاف ہوں اور ان کا نتیجہ ملتان کی صنعت و تجارت کی خوشحالی کا باعث بنے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں