تازہ ترین

شاہین آفریدی کا ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کا عزم، ریڈ بال کرکٹ کو پہلی ترجیح قرار دے دیا

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ریڈ بال کرکٹ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم میں دوبارہ جگہ حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
شاہین آفریدی آج سے شروع ہونے والی پریذیڈنٹ ٹرافی میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، جہاں وہ تقریباً سات سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان میں اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلنے جا رہے ہیں۔
فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ انہیں شروع سے ہی طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں دلچسپی رہی ہے، تاہم مسلسل بین الاقوامی کرکٹ میں مصروف رہنے کے باعث انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔
شاہین آفریدی کے مطابق ڈومیسٹک سطح پر ریڈ بال کرکٹ کو زیادہ وقت دینے سے کھلاڑی کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ اس سے بولنگ کی لائن اور لینتھ کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
فاسٹ بولر گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور اب وہ اپنی کارکردگی کے ذریعے دوبارہ ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی وہ اسی انداز اور طریقہ کار کے ساتھ بولنگ کرنے کی کوشش کریں گے جس انداز میں وہ ٹیسٹ کرکٹ کے دوران بولنگ کرتے رہے ہیں۔
شاہین آفریدی حال ہی میں چیمپئنز کپ کے کامیاب ترین بولر بھی رہے، جہاں انہوں نے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم پاکستان گولڈ کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں