آج کی تاریخ

وزیراعلیٰ مریم نواز کا “آغوش” پروگرام: حاملہ خواتین اور ماؤں کے لیے 23 ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے “آغوش” پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا، جو اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے۔ اس کے تحت 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23 ہزار روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

حکومت پنجاب کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پہلے مرحلے میں 13 اضلاع کی حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کی ماؤں کو “آغوش” پروگرام کے تحت امدادی رقم دی جائے گی۔ اس پروگرام کا آغاز ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو سے کیا جائے گا، جبکہ بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں بھی اس میں شامل ہیں۔
پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کو پہلی بار مریم ہیلتھ کلینک یا مراکز صحت میں رجسٹریشن کروانے پر 2 ہزار روپے دیے جائیں گے، جبکہ حمل کے دوران مسلسل طبی معائنے کے لیے ہر وزٹ پر 1500 روپے، مجموعی طور پر 6 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
مرکز صحت میں بچے کی پیدائش پر 4 ہزار روپے کا تحفہ دیا جائے گا، جبکہ پیدائش کے بعد 15 دن کے اندر پہلے طبی معائنے پر 2 ہزار روپے اور پیدائشی سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن پر 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، حفاظتی ٹیکے لگوانے پر ہر بار 2 ہزار روپے، مجموعی طور پر 4 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر خواتین کی رہنمائی اور معلومات کے لیے ایک خصوصی ٹول فری نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور علاج ہر ماں اور بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کا سرکاری وسائل پر پورا حق ہے، اسی لیے “آغوش” پروگرام کے ذریعے نہ صرف طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ خواتین کی مالی معاونت بھی کی جا رہی ہے، تاکہ ماں اور بچہ ایک صحت مند زندگی کا آغاز کر سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں