ملتان(کرائم رپورٹ) سال 2025 کے پہلے 2 ماہ کے دوران ملتان میں جرائم کے 13 ہزار سے زائد واقعات پیش آئے۔ 25 افراد قتل کر دیئے گئے جبکہ ان دو مہینوں کے دوران 2548 ڈکیتی، چوری، رہزنی اور دیگر وارداتیں ہوئیں، سب سے زیادہ موٹر سائیکل چوری کے واقعات ہوئے جس پر موٹرسائیکل چوری کے 1033 مقدمات درج ہوئے اور رہزنی کے 958 واقعات رونما ہوئے، حسب سابق تھانہ گلگشت جرائم میں پہلے نمبر پر رہا، سال 2025 کے پہلے 2 ماہ شہریوں پر بھاری رہے۔ گھروں اور دکانوں سے کروڑوں کا سامان اور نقد رقم چوری ہوئی۔ ڈکیتی کے دوران ایک شہری قتل ہوا، اس نوعیت کی 7 وارداتیں ہوئیں، رہزنی 958،گاڑی چھیننے کے واقعات میں ایک کار، 274 موٹر سائیکل شامل ہیں،17 گاڑیاں بھی ان دو ماہ کے دوران چوری ہوئیں جبکہ مویشی چوری کی 224 وارداتیں پیش آئیں، شہریوں کاشہر کی سڑکوں پر نکلنا محال ہو کر رہ گیا کیونکہ سٹریٹ کرائم اور رہزنی بہت زیادہ بڑھ گئی۔ پولیس نے 2 ماہ میں 83 گینگز کو گرفتار کرکے 6 کروڑ سے زائد مالیت کا سامان برآمد کیا گیا، 7 پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک اور 7 گرفتار ہوئے۔ منشیات کے 551 مقدمات میں 39 کلو ہیروئن، 378 کلوگرام چرس اور 10 ہزار لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ آتش بازی کے 72، پتنگ بازی کے 36 ملزم بھی دھر لئے گئے۔پولیس اعدادوشمار کے مطابق 2 ماہ میں 1899 مقدمات کے چالان عدالتوں میں بھجوائے گئے جبکہ 6009 مقدمات تاحال زیرتفتیش ہیں۔
