ملتان (اشرف سعیدی)قوم کا جہاد کامیاب، ربا اسٹر دس ساتھیوں سمیت گجرات سے گرفتار۔روزنامہ قوم نے اس گینگ کی نشاندہی کی تھی جو جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا۔ ربا اسٹر جو گرفتاری سے بچنے کے لیے اپر پنجاب کے ضلع گجرات میں ایک مکان میں رہائش پذیر تھا، اس گینگ کے خلاف قتل، ڈکیتی، رہزنی، اغوا برائے تاوان اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں لودھراں، خیرپور، میلسی، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور حاصل پور میں 70 کے قریب مقدمات درج تھے۔ پنجاب میں ریاضا رتھ کے بعد یہ گینگ لنکر تھا جسے سی سی ٹی ڈی گجرات نے گرفتار کر لیا اور ساتھ اس کے دس ساتھی جو اشتہاری تھے قانونی گرفت میں آ گئے ہیں۔یہ گینگ فیصل آباد، لاہور اور جہلم کے گینگ کے ساتھ اشتراک کر کے وارداتیں کرتا تھا۔ یہ اٹھائیس رکنی گینگ ہے۔ ربا اسڑ اور اس کا بھائی باہر سے جرائم پیشہ افراد کو بلا کر وارداتیں بھی کرتے جبکہ یہ گینگ ان کے علاقوں میں وارداتیں کرتا اور لوٹا ہوا مال تقسیم کرتا تھا۔ روزنامہ قوم نے چند دن پہلے اس گینگ کی مکمل تفصیلات شائع کی تھیں جبکہ گجرات میں ان کے گھر کا انکشاف کیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ ربا اسڑ اور اس کا بھائی عمرانی نے اپنے ملکیتی گھر کرائے پر دے رکھا تھا جبکہ خود دوسرے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جس روز روزنامہ قوم میں اس گینگ کی تفصیلات شائع ہوئی، اسی روز سے ہی سی سی ٹی ڈی نے ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی تھیں اور آخرکار اس گروہ کے بارہ لوگ گرفتار ہو چکے جبکہ ابھی اٹھارہ لوگ فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کوششوں میں مصروف ہے۔سی سی ٹی ڈی کی اس کارروائی سے پنجاب میں نہ صرف جرائم میں کمی آئے گی بلکہ مزید گرفتاریاں بھی ہوں گی۔ بتایا گیا ہے کہ لودھراں سی سی ٹی ڈی بھی دیگر ملزمان کی تلاش میں ہے اور اس گینگ کے سرغنہ کی گرفتاری کے بعد ان کے ساتھی دوسرے صوبوں میں فرار ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ربا اسٹر کا تعلق کچے کے علاقے کے پروفیشنل اغوا کاروں کے ساتھ بھی تھا اور ربا اسڑ جنوبی پنجاب کے ایسے افراد کی نشاندہی بھی کرتا جو اغوا کے بعد پیسے دینے اور تاوان کی رقم دینے کے قابل ہوتے تھے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گجرات میں اس گروہ کا تعلق بااثر شخصیات کے ساتھ بھی تھا جن سے اکثر جنوبی پنجاب میں فون کروا کر اپنے ساتھیوں کو ریلیف دلواتے تھے۔ روزنامہ قوم نے پہلی دفعہ اس گروہ کے خلاف درج مقدمات کے متعلق انکشاف کیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ سی سی ٹی ڈی نے ضلع لودھراں کی پولیس سے بھی رابطہ کیا ہے اور درج مقدمات کی تفصیلات معلوم کی ہیں۔ عرصہ کئی روز سے اس گروہ کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی ڈی لودھراں حرکت میں تھی۔ سیلاب کی وجہ سے یہ گروہ یہاں سے گجرات چلا گیا تھا اور مخبر کی اطلاع پر گزشتہ روز سی سی ٹی ڈی گجرات کے ہتھے چڑھ گیا اور اس گروہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس گروہ کی مبینہ گرفتاری پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور مزید اس گینگ کے اٹھارہ ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کی اپیل کی ہے۔ گرفتاری کے بعد فیصل آباد اور دیگر علاقوں میں اس گروہ کے ساتھیوں اور ان کے ٹھکانوں کا پتہ چلایا جا رہا ہے۔








