ملتان(سٹاف رپورٹر) صوبائی محتسب پنجاب نے گزشتہ روز ملتان ریجنل دفترچوک کمہارانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔اُس موقع پر اُنہوں نے ریجنل دفتر کے تمام سٹاف ممبران سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے اس موقع پر ریجنل دفتر میں دائر شدہ درخواستوں کی سماعت بھی کی۔ اس موقع پر دفتر میں موجود سائلین نے ادارہ صوبائی محتسب پنجاب کی بلامعاوضہ اور بلا تاخیر دادرسی پر صوبائی محتسب پنجاب کی طرف سے انصاف کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اور صوبائی محتسب کے ادارے کو بے کس عوام کے لئے غریبوں کی عدالت کے مترادف قرار دیا۔ اس موقع پر صوبائی محتسب پنجاب نے ریجنل دفتر کے اہلکاروں کی کارکردگی کو بھرپور سراہتے ہوئے انہیں مزید تندہی کے ساتھ غریب عوام کی دادرسی کے لیے کام کرنے کی تلقین کی۔ واضح رہے کہ صوبائی محتسب حالیہ دنوں میں جنوبی پنجاب کے مختلف دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے تفصیلی دورہ کر رہی ہیں۔
